QR CodeQR Code

باراک اوباما نے خفیہ طور پر افغانستان کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، نیتن یاہو

11 Dec 2024 21:39

اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے سابق امریکی صدر اوباما کیساتھ اپنے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کیسے دونوں ایک مناسب حکمت عملی پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔ نیتن یاہو نے بیان دیا کہ اوباما نے اسرائیل کو امریکی پالیسی سے سیکھنے کا مشورہ دیا، جن میں افغانستان میں امریکی فوج کی تربیتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے اوپر لگے بدعنوانی کے الزامات کے ٹرائل کے دوران بیان میں باراک اوباما سے اپنے اختلافات کا ذکر کیا اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح سابق امریکی صدر نے انہیں خفیہ طور پر افغانستان کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے بدعنوانی کے مقدمے میں پہلی بار عدالت میں پیش ہو کر امریکا کے سابق صدر باراک اوباما کے ساتھ ایران اور فلسطینی ریاست کے حوالے سے اپنے شدید اختلافات کو بیان کیا۔ نیتن یاہو نے عدالت میں تقریباً 4 گھنٹے تل ابیب ڈسٹرکٹ کورٹ میں گواہی دی، جہاں مقدمہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر یروشلم سے منتقل کیا گیا تھا۔

انہوں نے سابق امریکی صدر اوباما کے ساتھ اپنے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کیسے دونوں ایک مناسب حکمت عملی پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔ نیتن یاہو نے بیان دیا کہ اوباما نے اسرائیل کو امریکی پالیسی سے سیکھنے کا مشورہ دیا، جن میں افغانستان میں امریکی فوج کی تربیتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "اوباما نے تجویز دی کہ میں افغانستان کا خفیہ دورہ کروں، تاکہ دیکھ سکوں کہ کس طرح امریکی افواج مقامی فورسز کو تربیت دے رہی ہیں۔" واضح رہے کہ 75 سالہ نیتن یاہو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1177825

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1177825/باراک-اوباما-نے-خفیہ-طور-پر-افغانستان-کا-دورہ-کرنے-مشورہ-دیا-تھا-نیتن-یاہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com