اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کیلئے ایک اور اچھی خبر آگئی، یورپی یونین کے بعد برطانیہ کی پروازیں کھلنے کی بھی راہ ہموار ہوگئی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے مطابق رواں ماہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں بھی ایک آن لائن میٹنگ شیڈول ہے، جبکہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا، یورپی یونین نے جو ہماری ویلیویشن کی ہیں اسی لائن پر برطانوی بھی ہماری اسیسمنٹ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوری میں برطانوی دورہ شیڈول ہے اور دورے سے واپسی میں چند ہفتوں میں برطانیہ کی پروازیں بھی کھلنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانیہ کیلئے پروازیں مارچ سے شروع ہو جائیں گی، یورپی یونین میں ہمارے بہت اچھے نتائج ہیں اور امید ہے جلد برطانیہ کی پروازیں بھی شروع ہو جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے برطانیہ کیلئے ہفتہ وار 21 پروازیں چلائی جاتی تھیں، جن میں سے لندن کیلئے 10 پروازیں، جبکہ مانچسٹر کیلئے 9 اور برمنگھم کیلئے 2 پروازیں چلائی جاتی تھیں۔ ترجمان کے مطابق یورپ اور برطانیہ کی پروازیں کھلنے سے قومی ایئر لائن کے ریونیو میں زبردست اضافے کا امکان ہے۔