اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز اسپیکر نے دی، ان کی تجویز کو پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے، مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تناو میں کمی لانا ہو گا اور فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے۔