11 ہزار دہشتگرد عراق پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، محسن رضائی
10 Dec 2024 22:55
سپاہ پاسداران انقلاب کے سابق چیف کمانڈر نے کہا کہ شام میں موجود امریکی کیمپ میں تربیت شدہ 11 ہزار داعش کے دہشتگرد عراق پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ آنیوالے مہینوں میں عراق کے شہر موصل یا تکریت پر حملہ کر دیں۔
اسلام ٹائمز۔ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کے رکن اور پاسداران انقلاب کے سابق چیف کمانڈر محسن رضائی نے کہا ہے کہ شام میں موجود امریکی کیمپ میں تربیت شدہ 11 ہزار داعش کے دہشتگرد عراق پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ آنے والے مہینوں میں عراق کے شہر موصل یا تکریت پر حملہ کر دیں۔ کیش بین الاقوامی فضائی اور خلائی نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ شمالی شام میں ایک امریکی کیمپ ہے، جہاں گذشتہ چار سالوں میں 11 ہزار دہشتگردوں کو تربیت دی گئی ہے۔
غزہ سے شروع ہونے والا واقعہ لبنان سے ہوتا ہوا شام تک پہنچا ہے، اس وقت دہشتگرد عراق پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حالیہ واقعات جو میں نے لبنان اور شام میں دیکھے ہیں اور شاید ہم مستقبل قریب میں عراق میں بھی دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں سلامتی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی سے ممالک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور اس سلسلے میں سب کو ہوشیار رہنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ: 1177614