شام کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آغا سید حسن موسوی
10 Dec 2024 19:25
انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ اسوقت شام کے مستقبل کے بارے میں کسی مداخلت اور غیر ملکی تسلط کو خاطر میں لائے بغیر فیصلہ کرنا وہاں کے عوام کی ذمہ داری ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر و بانی انجمن بین المذاہب مولانا آغا سید حسن موسوی نے شام میں موجودہ صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شام کے مستقبل کے بارے میں کسی مداخلت اور غیر ملکی تسلط کو خاطر میں لائے بغیر فیصلہ کرنا وہاں کے عوام کی ذمہ داری ہے۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے جلد از جلد فوجی تنازعات کو ختم کرنے، دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے اور شامی معاشرے کی تمام اکائیوں کی شرکت سے قومی مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک جامع حکومت تشکیل دی جا سکے۔ آغا سید حسن موسوی نے شام کی موجودہ نازک صورتحال میں ملک کے تمام باشندوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقدس مقامات کی حفاظت بھی بین الاقوامی قانون کے معیار کے مطابق بہت ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ: 1177584