سول نافرمانی تحریک سے متعلق حکمت عملی تیار ہے، صاحبزادہ حامد رضا
9 Dec 2024 14:16
اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ پارٹی میں سول نافرمانی سے متعلق تجاویز پر کام ہو رہا ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی طرف جائیں گے، سول نافرمانی کے مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے۔ سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی، اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے، ملک میں انسانی اور جمہوری حقوق معطل ہیں، ظلم جاری ہے۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے سول نافرمانی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے، یہ تحریک 2014 سے زیادہ کامیا ب ہو گی۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو میں صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی سے متعلق بات بانی سے ملاقات میں پتہ چلی، سول نافرمانی تحریک سے متعلق ٹوئٹ سے پہلے ہی معلوم تھا۔ انہوں نے کہا پارٹی میں سول نافرمانی سے متعلق تجاویز پر کام ہو رہا ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی طرف جائیں گے، سول نافرمانی کے مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے۔ سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی، اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے، ملک میں انسانی اور جمہوری حقوق معطل ہیں، ظلم جاری ہے۔ 24 نومبر اور9 مئی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی آج تک اسی لیے قید ہیں کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں ملک کی معیشت سنبھل نہیں سکتی، حکومت نے تو ویسے ہی آئی ایم ایف سے پیسے لینے ہیں وہ پریشان نہ ہوں، موجودہ حکومت نے تعین کرنا ہے کہ ہمیں آئینی حقوق دینے ہیں یا نہیں۔ حکومت چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرکے کہے بات مانیں تو ایسا نہیں ہوگا، ہم جوڈیشل کمیشن کی بات کر رہے ہیں تاکہ 9 مئی کا پتہ چلے کون ملوث ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ کسی ملک کے وزیراعظم کی گاڑی کا دروازہ کھول کر ترقی نہیں ہو سکتی، ملک میں سیاسی حقوق نہ ہوں تو اسے عالمی دنیا میں وہ جگہ نہیں ملتی جو چاہیے، سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت اور خارجہ پالیسی سمیت تمام معاملات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے تو اسے موقع دینا چاہیے، ہم تو پہلے بھی کہتے تھے جس کے پاس طاقت ہے اس سے بات ہونی چاہیے، حکومت کہتی ہے ہم طاقتور ہیں تو اسے مذاکرات کا موقع دینے کیلئے تیار ہیں، حکومت کو بھی مذاکرات میں اپنی اتھارٹی دکھانی پڑے گی، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق عمرایوب کو ہدایات دی ہیں، عمر ایوب سے ملاقات کے بعد پتہ چلے گا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کیا ہیں، 26ویں ترمیم کے وقت مولانا کو کہا تھا حکومت دھوکا دیگی۔
خبر کا کوڈ: 1177331