QR CodeQR Code

عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، عطا اللہ تارڑ

8 Dec 2024 15:21

وفاقی وزیر اطلاعات نے لاہور میں کرسمس کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، اصل ویڈیو سامنے لے آتے تو جھوٹی غزہ اور فلسطین کی ویڈیوز کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، کرم میں لاشیں گریں دیگر معاملات ہوئے، کے پی حکومت کی امن وامان کی طرف توجہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ان کی سول نافرمانی کی کال ناکام ہو گی۔ لاہور میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میرے اوپر زیادہ لازم ہے، ہم کرسمس کو بھرپور طریقے سے منائیں گے، کرسچن کمیونٹی کی ہر خوشی اور غم میں ساتھ کھڑا ہوں، کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کئے، تمام کمیونٹیز اس ملک کیلئے کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ظلم، تشدد اور نفرت کیخلاف آواز اٹھانی چاہئے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اس ملک کی بدولت ہیں، اس ملک میں اب تشدد اور انتشار نہیں ہو سکتا، جہاں بھی تشدد و انتشار ہوگا ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو سیاستیں اور وزارتیں ہیں، ہم نے ملک کے مفاد میں چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بیرونی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، انٹرسٹ ریٹ 15 فیصد اور مہنگائی 4.8 فیصد پر ہے، مہنگائی 2018 کے بعد سب سے کم سطح پر پہنچی ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عوام نے نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، لاشوں کی سیاست کی جا رہی ہے، پوچھنا چاہتا ہوں بھاگے کیوں؟ کھڑے رہتے، تم بچپن سے ہی نافرمان تھے، تم سول نافرمانی کرو یا جو دل چاہے یہ تمہاری اپنی مرضی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، لوگ یہ نہیں چاہتے کہ دھرنے شروع کر دو، اب تم جو مرضی کرلو اب دال نہیں گلنے والی، تم دم دبا کر بھاگے ہو، لطیف کھوسہ کو اب آرام کرنا چاہئے، ان کی سیاست کی عمر نہیں رہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، اصل ویڈیو سامنے لے آتے تو جھوٹی غزہ اور فلسطین کی ویڈیوز کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، کرم میں لاشیں گریں دیگر معاملات ہوئے، کے پی حکومت کی امن وامان کی طرف توجہ نہیں، یہ جھوٹے بیانیے پر سارا پیسہ لگا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جو کچھ ہو سکا وفاقی حکومت کرے گی۔ 


خبر کا کوڈ: 1177171

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1177171/عمران-خان-کی-سول-نافرمانی-کال-مضحکہ-خیز-ہے-عطا-اللہ-تارڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com