2019ء کے معاہدے پر مولانا فضل الرحمٰن، مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب نے دستخط کیے تھے، طاہر اشرفی
8 Dec 2024 11:54
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ کوئی مشکلات ہوتیں تو کیا ساڑھے 18 ہزار مدارس وزارت تعلیم سے منسلک ہوتے، مدارس کے معاملے کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ 2019ء کے معاہدے پر مولانا فضل الرحمٰن، مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب نے دستخط کیے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019ء میں معاہدے کے لیے بہت سی میٹنگ ہوئی تھین اور تمام پہلوؤں کو دیکھا گیا تھا۔ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت 25 ہزار مدارس میں سے 18400 مدارس نے رجسٹریشن کرائی ہے، مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے ناکہ وزارت صنعت کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے 15 بورڈ میں سے 10بورڈ وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کرا رہے ہیں، مدارس کے مستقبل کے ساتھ نہ کھیلا جائے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مدارس کا تعلق تعلیم سے ہے تو انہیں وزارت تعلیم سے منسلک ہونا چاہیے، اگر کسی مدارس کو وزارت صنعت کے ساتھ جانا ہے تو چلا جائے۔ علامہ طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی مشکلات ہوتیں تو کیا ساڑھے 18 ہزار وزارت تعلیم سے منسلک ہوتے، مدارس کے معاملے کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، مدارس کے مستقبل کو سیاسی مقاصد کے ساتھ کھیلنے نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1177146