ہم اتحادیوں کے تعاون سے تمام چیلنجز پر قابو پا لینگے، شامی وزیر دفاع
6 Dec 2024 10:07
شامی وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ تکفیری دہشتگردوں کو کئی ایک ممالک کی حمایت حاصل ہے
اسلام ٹائمز۔ شامی وزیر دفاع میجر جنرل علی محمود عباس نے اپنی ایک گفتگو کے دوران حالیہ ملکی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج کے خلاف پیشقدمی کرنے والی دہشتگرد تکفیری تنظیموں کو خطے سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک کی حمایت حاصل ہے۔
میجر جنرل علی محمود عباس نے کہا کہ آج ہم بے رحم ترین دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ لڑ رہے ہیں جو مجرمانہ طریقہ ہائے کار کی حامل ہیں۔ انہوں نے عالمی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی حماہ کی جانب پیشقدمی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج حماہ میں جو ہوا، وہ ایک عارضی ٹیکٹیکل حکمت عملی کا نتیجہ ہے جبکہ ہماری افواج اب بھی شہر کے قرب و جوار میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو عزم اور صبر کی تلقین کرتے ہیں اور دہشتگردوں کے زیر قبضہ علاقوں کو دوبارہ آزاد کروانے میں ذرہ برابر دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام اپنی فوج، عوام، قیادت اور اپنے اتحادیوں و دوستوں کی حمایت پر بھروسہ کرتے ہوئے تمام چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا!
خبر کا کوڈ: 1176756