قوم حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسز کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہوجائے، ثروت اعجاز قادری
5 Dec 2024 21:27
مرکز اہلسنت سے جاری پریس ریلیز میں سربراہ پی ایس ٹی نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے اتنے زیادہ ٹیکسز لیے جانے کے باوجود ملک کے حالات بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہو رہے ہیں، پوری قوم کو سوچنا ہوگا ملک کے حالات اور حکمرانوں کو کیسے ٹھیک کیا جائے۔
اسلام ٹائمز۔ ملک کے اندرونی معاملات کو چلانے کے لیے حکومت آئی ایم ایف اور دیگر اداروں سے طرح طرح کے قرضے لیتی ہے، ان تمام قرضوں کو حاصل کرنے کے لیے حکومت آئی ایم ایف اور دیگر اداروں کی تمام شرائط کو بھی مانتی ہے، لئے جانے والے تمام قرضوں کو ادا کرنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے مرکز اہلسنت سے جاری پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم حکومت کی جانب سے مزید لگائے جانے والے ٹیکسز کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہو جائے، اگر حکومت چاہے تو محدود وسائل میں رہ کر ملک کو چلا سکتی ہے، ملک کے موجودہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہمارے حکمران اور بیوروکریسی کو اپنے ٹھاٹ باٹ ختم کرنا پڑیں گے، حکمران عوام کی خدمت کے لیے نہیں بلکہ عوام پر حکمرانی کرنے کے لیے آئے ہیں، کیا اخراجات میں کمی لا کر ملک کے حالات کو بہتر نہیں کیا جا سکتا۔
ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ٹیکسز قوانین میں ترمیم کرکے آئی ایم ایف سے مزید قرضے حاصل کرے گی، ہمارے حکمرانوں کے پاس بغیر قرضہ لیے ملک کے حالات کو بہتر کرنے کے لیے کیا کوئی پالیسی نہیں ہے، ہمارا ملک ہر چیز کی نعمت سے مالا مال ہے، اللہ پاک نے پاکستان کو ہر نعمت عطا کی ہے مگر اس کا صحیح استعمال کرنا ان حکمرانوں کو نہیں آرہا ہے، ہمارے حکمران غلط پالیسیوں کے ذریعے صرف ڈسپوزیبل پلان بنا کر ملک کی عوام کو بیوقوف بناتے رہتے ہیں، ملک میں رہنے والا ہر شخص طرح طرح کے ٹیکسز ادا کررہا ہے، اشیائے خرد و نوش سے لے کر موبائل فون کے کارڈ یا گاڑی خرید نے تک ہر چیز پر ٹیکس ہے، حکمرانوں کی جانب سے اتنے زیادہ ٹیکسز لیے جانے کے باوجود ملک کے حالات بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہو رہے ہیں، پوری قوم کو سوچنا ہوگا ملک کے حالات اور حکمرانوں کو کیسے ٹھیک کیا جائے۔
خبر کا کوڈ: 1176717