QR CodeQR Code

حقائق کو مسخ اور عوام کو گمراہ کرنا جماعت اسلامی کی تاریخ رہی ہے، شرجیل میمن

5 Dec 2024 21:24

سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ تعلیمی اداروں، باالخصوص جامعات میں، فیسوں کا تعین بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، حکومت سندھ، تعلیم کو سستی اور مساوی بنانے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن  نے کہا ہے کہ حقائق کو مسخ اور عوام کو گمراہ کرنا جماعت اسلامی کی تاریخ رہی ہے، نئی بھرتی پالیسی اسٹاپ گیپ اقدام ہے، اس کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا ہے، بے بنیاد الزامات کا مقصد اجتماعی ترقی کے لئے حکومت سندھ کی کوششوں کی راہ میں روڑے اٹکانا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں، باالخصوص جامعات میں، فیسوں کا تعین بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، حکومت سندھ، تعلیم کو سستی اور مساوی بنانے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کا زوال وراثت میں ملنے والا مسئلہ ہے، حکومت ٹرانسپورٹ نظام کی بحالی اور جدید بنانے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ریڈ لائن بی آر ٹی کے حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی ایک تاریخی منصوبہ ہے جس کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ کی پریشانیوں کا خاتمہ ہے، میگا پراجیکٹس میں تاخیر اکثر تکنیکی مسائل سمیت ناگزیر چیلنجز کی وجہ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران دور حکومت میں ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام روک دینے اور کراچی میں یوٹیلٹیز کی وجہ سے بھی بی آر ٹی پروجیکٹ کو تاخیر کا سامنا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کی بڑھتی ہوئی لاگت کی بڑی وجہ عالمی افراط زر، بڑھتی ہوئی مادی لاگت اور  روپے کی قدر میں کمی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1176716

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1176716/حقائق-کو-مسخ-اور-عوام-گمراہ-کرنا-جماعت-اسلامی-کی-تاریخ-رہی-ہے-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com