عمران خان کی جان کو خطرات پر فضل الرحمان سے بات کی ہے، فیصل واوڈا
5 Dec 2024 21:02
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے میں جے یو آئی کے مینڈیٹ کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے، نفرت کی سیاست کے خاتمے کیلئے سب کے پاس جانے کو تیار ہوں، مذاکرات سے بڑے سے بڑے مسائل حل ہوتے ہیں، بڑی بڑی جنگیں بھی مذاکرات کے ذریعے ختم ہوتی ہیں، ہر اسٹیک ہولڈر کے پاس جاؤں گا۔
اسلام ٹائمز۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو جو خطرات ہیں اُس پر فضل الرحمان سے بات کی ہے، مدارس رجسٹریشن کے بل میں جو تاخیر ہوئی ہے اُس پر بھی مولانا سے بات کی ہے۔ اسلام آباد میں جے یو آئی سربراہ فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے 26ویں ترمیم پر بات ہوئی، ان کا نفرت کی سیاست کو ختم کرنے میں اہم کردار رہا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ کے پی کے میں جے یو آئی کے مینڈیٹ کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے، نفرت کی سیاست کے خاتمے کیلئے سب کے پاس جانے کو تیار ہوں، مذاکرات سے بڑے سے بڑے مسائل حل ہوتے ہیں، بڑی بڑی جنگیں بھی مذاکرات کے ذریعے ختم ہوتی ہیں، ہر اسٹیک ہولڈر کے پاس جاؤں گا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو اُن کی بیگم اور حواریوں سے خطرہ ہے، میرا ایجنڈہ بانی پی ٹی آئی کی جان بچانا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے میرا تعلق سیاست میں آنے سے پہلے سے ہے، جے یو آئی کے ساتھ 26ویں ترمیم کے معاملے پر کوئی ہاتھ نہیں ہوا، فارم 45 کی بات کرتے ہیں، کے پی میں پی ٹی آئی نے مولانا کیساتھ کیا کیا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرو اسٹیبلشمنٹ بھی ہوں اور پروجوڈیشری بھی ہوں، دھرنے میں ہمارے جوان شہید ہوئے۔
خبر کا کوڈ: 1176709