عمر ایوب جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی، بیرسٹر گوہر نامزد
4 Dec 2024 02:11
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے اپنا استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا ہے اور ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی جگہ جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کردیا ہے۔ راہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ کا فیصلہ اپنے خلاف درج مقدمات کے باعث کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ عمر ایوب نے اپنا استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا ہے اور ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کو اپنی جگہ جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کردیا ہے۔ راہنما تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ کا فیصلہ اپنے خلاف درج مقدمات کے باعث کیا ہے۔ موجودہ لیگل چینلجز جوڈیشل کمیشن میں مؤثر کارکردگی دکھانے میں رکاوٹ ہیں، ادارے کے مفاد میں ہے کہ میں کسی اور کو اپنی جگہ نامزد کروں جو اپنی تمام توجہ اس اہم رول پر ادا کرسکے۔
اپوزیشن لیڈر نے سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی ہے کہ میرا استعفیٰ جلد منظور کرکے بیرسٹرگوہر کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا جائے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے بدلے ہیں۔ سینیٹ سے شبلی فراز کی جگہ علی ظفر مستقل طور پرجوڈیشل کمیشن اجلاس میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ عمرایوب کی جگہ بیرسٹر گوہر یا لطیف کھوسہ میں سے کوئی ایک پارٹی نمائندگی کرے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عمرایوب اور شبلی فراز پر بہت سے مقدمات ہیں اس لیے انہیں تبدیل کیا گیا، مقدمات میں ضمانت کے بعد عمر ایوب ہی جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے ہوں گے۔ واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ سے قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو جوڈیشل کمیشن میں شامل کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ: 1176441