QR CodeQR Code

تحریک انصاف نے دہشتگردی کے بیج دوبارہ بوئے ہیں، احسن اقبال

3 Dec 2024 23:43

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، سی پیک منصوبے کو سست کرنے کیلئے چینی مہمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 5 پانچ سالہ منصوبے میں کراچی پشاور موٹر وے کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا اور چین کی مدد سے کراچی حیدر آباد موٹروے بنے گی۔ کراچی کے سائٹ لیمٹڈ میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سائٹ کیلئے 5 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں اسی منصوبے کا جائزہ لینے آیا تھا، جس کا وعدہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا، 5 ارب روپے کا منصوبہ معاشی ترقی کی سوچ کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو برآمد کرنے والا ملک بنانا ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے صنعتی پیداوار بڑھانا ہوگی، 5 سالہ منصوبہ پاکستان کو مضبوط بنائے گا اورحکومت کی جانب سے 5 سالہ منصوبے کا اعلان وزیراعظم اسی مہینے کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ لوگوں کو کروڑ اور ارب پتی اس ملک نے بنایا ہے، پاکستان کے تمام سرمایہ کاروں کو کہوں گا کہ اس ملک کو مل کر ٹھیک کرنا ہے، ایکسپوٹرز کو کہتا ہوں کہ حکومت آپ کی پشت پر کھڑی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کچھ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ہم عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام میں ہیں، تاہم آہستہ آہستہ مایوسی کے بادل چھٹ جائیں گے، ملک سے انتشار ختم کرکے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 30 رکنی پاکستانی ماہرین کے وفد کو مدعو کیا ہے، پاکستانی وفد 10 سے 23 دسمبر کو چین کا دو ہفتوں کا دورہ کرے گا، دورے پر سی پیک کے فیز ٹو پر کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مخصوص سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دہشتگردی کے بیج دوبارہ بوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، سی پیک منصوبے کو سست کرنے کیلئے چینی مہمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے مہمان اور ہیرو ہیں، پاکستان چینی مہمانوں کی حفاظت کی یقین دہانی کرا چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1176434

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1176434/تحریک-انصاف-نے-دہشتگردی-کے-بیج-دوبارہ-بوئے-ہیں-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com