QR CodeQR Code

پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شدید زخمی ایس ایچ او کے اہم انکشافات

3 Dec 2024 21:42

ایس ایچ او تھانہ نیو ایئرپورٹ کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو میں لا اینڈ آرڈر کے لیے موٹر وے پر تعینات تھا، رات تقریباً 11 بجے پرتشدد مظاہرین سے ہمارا سامنا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے جبکہ ہم انہیں بغیر اسلحہ کے کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے تھے، اسی دوران آس پاس کی پہاڑیوں پر موجود عسکری شرپسند جن کے پاس آتشی اسلحہ تھا وہ ہم پر حملہ آور ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شدید زخمی ایس ایچ او کے اہم انکشافات سامنے آ گئے۔ 24 تا 26 نومبر تک پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران جہاں دیگر سکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوئے ان میں ایس ایچ او تھانہ نیو ایئرپورٹ طاہر اقبال بھی شامل ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے ایس ایچ او طاہر اقبال کو شدید زخمی کیا اور ان کا ایک بازو بھی فریکچر ہوا، تاہم اب وہ صحت یاب ہوکر واپس ڈیوٹی پر پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او طاہر اقبال نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو میں لا اینڈ آرڈر کے لیے موٹر وے پر تعینات تھا، رات تقریباً 11 بجے پرتشدد مظاہرین سے ہمارا سامنا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے جبکہ ہم انہیں بغیر اسلحہ کے کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے تھے، اسی دوران آس پاس کی پہاڑیوں پر موجود عسکری شرپسند جن کے پاس آتشی اسلحہ تھا وہ ہم پر حملہ آور ہوگئے۔

 طاہر اقبال نے کہا کہ ان تمام عسکری شرپسندوں کے پاس 30 بور رائفل اور پسٹل تھے، جنہوں نے پہاڑوں پر آگ لگائی اور فائرنگ کرتے ہوئے ہماری جانب بڑھنے لگے۔ ایس ایچ اور کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے پھینکے گئے شیلز کی وجہ سے میری حالت غیر ہوگئی اور انہوں نے مجھے گھیر لیا، مظاہرین نے مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کھائی میں پھینک دیا جس سے میرا بازو فریکچر ہو گیا اور دیگر چوٹیں بھی آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی دوران ڈی پی او کے سکواڈ نے مجھے کھائی سے ریسکیو کیا، اگر ایسا بروقت نہ کیا جاتا تو شاید آج میں یہاں موجود نہ ہوتا۔ آج میں نے ایک بار پھر اپنی ڈیوٹی کو جوائن کرلیا ہے اور میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہوں، آئندہ جب بھی پکارا گیا تو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے حاضر ہوں گا۔


خبر کا کوڈ: 1176428

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1176428/پی-ٹی-ا-ئی-احتجاج-کے-دوران-شدید-زخمی-ایس-ایچ-او-اہم-انکشافات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com