بی جے پی ہر جگہ کھود کر مندر ثابت کرنا چاہتے ہیں، اکھلیش یادو
3 Dec 2024 21:35
سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی ملک کے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کرا رہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں سنبھل تشدد پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ اکھلیش یادو کے مطابق وہ سرمائی سیشن کے آغاز سے ہی سنبھل پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ جس دن سے پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوا، سماج وادی پارٹی نے سنبھل واقعہ کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ ایوان نہیں چل سکا، لیکن ہمارا مطالبہ اب بھی وہی ہے، ہم سنبھل واقعہ پر اپنے خیالات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سنبھل واقعہ اور حالیہ ضمنی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، اترپردیش میں انتظامیہ من مانی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ وہ بی جے پی کے پارٹی ورکرز ہیں۔
اکھلیش یادو نے سنبھل میں تشدد پر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہر جگہ کھودنا چاہتے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ملک کے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے یہ سب کرا رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے سنبھل تشدد کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ، اگر یہ لوگ اسی طرح کھودنے کا کام کرتے رہیں گے تو ایک دن وہ ملک کی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کھو دیں گے۔ واضح رہے کہ سنبھل میں ایک مقامی عدالت نے ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے شاہی جامع مسجد کے سروے کا حکم دیا تھا۔ اس کی مخالف میں سنبھل میں تشدد پھوٹ پڑا جس کے نتیجہ میں چار افراد کی موت ہوگئی تھی۔
خبر کا کوڈ: 1176424