اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزارتی کونسل کے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے، میزبانی اور مہمان نوازی کے لیے ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل نے تنظیم میں نئے عزم اور جذبے کی روح پھونک دی ہے، ای سی او مقاصد کے حصول کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان اور شام میں مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں، مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے، اسرائیل نے خطے کی سلامتی اور سکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو تشدد، جنگ سے پاک اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان ای سی او کو علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اجلاس کے تجویز کردہ عنوان کے مطابق ای سی او ریجن کی ترقی اور خوشحالی علاقائی تجارت کی توسیع پر منحصر ہے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے ای سی او کا تجارتی معاہدہ ایک مخصوص وقت میں ٹیرف کو کم کر کے علاقائی اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے ایک سازگار پلیٹ فارم ہے۔