ٹرم کے اختتام، امتحانات کے حوالے سے طلباء کی تیاری
جامعۃ الرضا اسلام آباد کے اساتذہ کرام کا ماہانہ جلسہ، ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ
امتحانات کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور نظم و ضبط سمیت کئی اہم نکات زیربحث
3 Dec 2024 11:30
نشست کے آخر میں مدیر مدرسہ مولانا حسنین عباس گردیزی صاحب نے دینی مدارس اور علمائے کرام کی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کی اور ٹرم کے امتحانات کے لئے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نشست کا اختتام سب کیلئے اجتماعی دعا سے کیا۔
اسلام ٹائمز۔ جامعۃ الرضا اسلام آباد میں طلباء کی جاری تعلیمی ٹرم اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ جامعہ میں 15 دسمبر 2024ء سے امتحانات شروع ہونے والے ہیں، جن کی ڈیٹ شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ امتحانات کیلئے طالب علموں کی مزید اچھی تیاری کیلئے جامعۃ الرضا کے اساتذہ نے اس مرتبہ اپنی ماہانہ نشست کا موضوع ہی امتحانات کیلئے ضروری اقدامات رکھا۔
نشست کا آغاز مولانا محمد حسین مبلغی صاحب نے تلاوت قرآن مجید سے کیا اور ان کے بعد مسئول تعلیم ڈاکٹر محمد نذیر اطلسی صاحب نے میٹنگ کا ایجنڈا بیان کیا۔ ایجنڈے میں نصاب کی تکمیل، طلبا کی تیاری، امتحانی سوالات کا پیٹرن، دوران امتحان اساتذہ کی موجودگی اور شفاہی امتحانات جیسے اہم نکات شامل تھے۔ تمام اساتذہ کرام نے اس موقع پر اپنے اپنے تجربے کی روشنی میں طلباء کی تیاری اور نصاب کے حوالے سے مفید تجاویز بھی دیں۔
نشست کے آخر میں مدیر مدرسہ مولانا حسنین عباس گردیزی صاحب نے دینی مدارس اور علمائے کرام کی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کی اور ٹرم کے امتحانات کے لئے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نشست کا اختتام سب کیلئے اجتماعی دعا سے کیا۔ یاد رہے کہ اس نشست سے پہلے اساتذہ کرام کیلئے ادارے کی طرف سے ایک ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ: 1176314