QR Code
امریکہ اور صیہونی حکومت کو ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دیں، مسعود پزشکیان کی عالم اسلام سے اپیل
2 Dec 2024 01:29
مسعود پزشکیان نے حکومت اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بعض خارجی مسائل کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی اس بات کا خواہاں نہیں رہا کہ جنگ و خونریزی کا دائرہ بڑھے۔
اسلام ٹائمز۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے شام کی تازہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ممالک کے اندرونی خلفشار سے امریکہ اور صیہونی حکومت کو ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دیں اور علاقے میں مزید بحرانوں کا سد باب کریں۔ صدر پزشکیان نے حکومت اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بعض خارجی مسائل کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی اس بات کا خواہاں نہیں رہا کہ جنگ و خونریزی کا دائرہ بڑھے۔ صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی جو ممالک دنیا میں انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں وہی در حقیقت میں علاقے میں جنگ و خونریزی کی حمایت کر کے بے گناہوں کا خون بہاتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران نے کبھی کسی دوسرے ملک کی سرحدوں کی جانب للچائی نظروں سے نہیں دیکھا اور وہ ہمیشہ اس بات کا قائل رہا ہے کہ مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران پہلے کی بنسبت بہت بہتر پوزیشن کا حامل ہے اور اس وقت گفتگو کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری اور غلط فہمیوں کا ازالہ ضروری ہے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار خطے کے تمام ممالک نے ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کی جو قابل ذکر اور قابل تعریف ہے۔
خبر کا کوڈ: 1176056
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com