QR CodeQR Code

اترردیش میں ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے، اکھلیش یادو

1 Dec 2024 22:00

سماج وادی پارٹی کے قومی صدر نے کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی حکومت جمہوریت کو تباہ کررہی ہے، بی جے پی حکومت مکمل طور پر آمریت پر تلی ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کے ایک سینیئر لیڈر کے گھر شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ ساتھ ساتھ سابق ایم ایل اے ظفر عالم اور حاجی جمیر اللہ خان کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے سنبھل واقعہ اور بی جے پی حکومت کے کام کرنے کے انداز پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کے کردار پر سوالات اٹھائے اور اسے حکومت کی کارستانی قرار دیا اور انصاف اور امن کی ضرورت پر زور دیا۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی حکومت جمہوریت کو تباہ کر رہی ہے، بی جے پی حکومت مکمل طور پر آمریت پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ناانصافی اور مظالم اپنے عروج پر ہیں، اترپردیش میں ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ پولس نے حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اترپردیش لیجسلیچر کی اپوزیشن پارٹیوں کے دونوں لیڈروں، ریاستی صدر، ایس پی ممبران اسمبلی، ایم ایل ایز اور ضلع صدر کو ان کے گھروں میں قید کر رکھا ہے۔ حکومت سنبھل میں ہونے والی ناانصافی اور مظالم کو چھپانا چاہتی ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ جب پولس انتظامیہ کی پابندیاں صرف سنبھل ضلع میں ہیں تو پھر بی جے پی حکومت نے اپنے لیڈروں کو گھر سے باہر جانے کی اجازت کیوں نہیں دی۔ کیا بی جے پی حکومت نے پوری ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ اپوزیشن پارٹی کے لیڈر اور ریاستی صدر اپنے گھر سے سماج وادی پارٹی کے دفتر تک نہیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی اس طرح نظربندی جمہوریت کے لئے انتہائی خطرناک ہے، جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے، وہ جمہوریت اور آئین کو کچل رہی ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ سنبھل میں پابندیاں لگانا بی جے پی حکومت کی حکمرانی، انتظامیہ اور سرکاری انتظام کی ناکامی ہے۔ اگر حکومت پہلے ہی فسادات کرانے اور دیوانہ وار نعرے لگانے والوں پر ایسی پابندی لگا دیتی تو سنبھل میں ہم آہنگی اور امن کا ماحول خراب نہ ہوتا۔ جس طرح بی جے پی پوری کابینہ کو ایک ساتھ تبدیل کرتی ہے، اسی طرح سنبھل میں اوپر سے نیچے تک پورے انتظامی بورڈ کو سازش اور لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے معطل اور برخاست کر دینا چاہیئے۔ سماج وادی پارٹی نے سنبھل واقعہ میں مارے گئے معصوم لوگوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ بی جے پی حکومت سنبھل تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت آئین کے بجائے اپنی مرضی کے مطابق حکومت کر رہی ہے۔ سنبھل میں حالات خراب کرنے کے پیچھے حکومت کی سازش ہے، اگر انتظامیہ پہلے سے چوکس ہوتی تو یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔ بی جے پی کو امن اور ترقی سے مسئلہ ہے۔ یہ جان بوجھ کر سماج کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن ہوگا تو لوگ ترقی کریں گے اور یہ بی جے پی نہیں چاہتی۔


خبر کا کوڈ: 1176007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1176007/اترردیش-میں-ایمرجنسی-جیسی-صورتحال-ہے-اکھلیش-یادو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com