QR CodeQR Code

ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کڑی سزائیں دی جائیں، علماء ومشائخ کنونشن

1 Dec 2024 09:33

کانفرنس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کی بڑھتی لہر انتہائی تشویشناک ہے، عقیدہ ختم نبوت اور شعائر اسلام کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، اکابرین کے مشن پر گامزن رہیں گے، ملک و قوم کو تفریق اور انتشار سے بچانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ رسولیہ شیرازیہ بلال گنج  لاہور کے 50سال مکمل ہونے پر ادارے کی تعمیر نوء کا سنگ بنیاد کے موقع منعقدہ علماء و مشائخ کنونشن کے جاری مشترکہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کڑی سزائیں دی جائیں۔ ملک بھی بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر انتہائی تشویشناک ہے امن و امان کی بحالی کیلئے فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں۔ عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت اور شعائر اسلام کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ مدارس کی رجسٹریشن کے معاملات کو آسان بنایا جائے۔ مساجد اور مدارس کی بجلی و گیس کے بلوں میں خصوصی ریلیف دیا جائے۔ کئی برسوں سے غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ نریندر مودی اور نیتن یاہو کے مظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف مسلم حکمران موثر آواز اٹھائیں۔

علماء و مشائخ کنونشن معروف مفسر قرآن علامہ قاری محمد طیب نقشبندی آف برطانیہ کی زیرصدارت منعقدہ ہوا، جبکہ میزبانی پرنسپل جامعہ رسولیہ شیرزایہ علامہ صاحبزادہ پیر رضائے مصطفی نقشبندی نے کی۔ اس موقع پر ہزاروں علماء و مشائخ کی موجودگی میں ادارے کی تعمیر نوء کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا اور معروف مفسر قرآن علامہ قاری محمد طیب نقشبندی آف برطانیہ کی 10 جلد پر مشتمل قرآن کریم کی تفسیر کو رونمائی کیلئے پیش کیا گیا۔ معروف مفسر قرآن علامہ قاری محمد طیب نقشبندی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ علامہ محمد علی نقشبندی نے 50سال قبل جامعہ رسولیہ شیرازیہ کے پودا لگا جوکہ آج سایہ دار درخت بن چکا ہے، یہاں پر ملک بھر سے ہزاروں طلبہ اپنی تعلیمی اور روحانی تربیت حاصل کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ ان شاءاللہ یوں ہی چلتا رہے گا۔ ہم اپنے اکابرین کے مشن پر گامزن رہیں گے۔ پرنسپل جامعہ رسولیہ شیرزایہ علامہ صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی نے خطبہ استقبالہ دیتے کہا کہ ہماری زندگیاں دین اسلام کی ترویج اشاعت کیلئے وقف ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں ہم دین متین کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔ علامہ حافظ عبدالستار سعیدی، جامعہ نعیمیہ کے شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، عالمی مبلغ اسلام پیرزادہ رضا ثاقب مصطفائی، جامعہ نظامیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ عبدالمطصفیٰ ہزاروی، ڈاکٹر مفتی رمضان سیالوی، مفتی انس رضا عطاری سمیت دیگر مذہبی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1175939

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175939/ریاست-مخالف-سرگرمیوں-میں-ملوث-عناصر-کو-کڑی-سزائیں-دی-جائیں-علماء-ومشائخ-کنونشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com