اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے قابض بھاتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کی حالیہ گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں اختلاف رائے کو دبانے کی حکومتی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں راجوری، پونچھ، ادھم پور، ریاسی اور ڈوڈہ سمیت مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران اب تک درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے جبر و استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے خوف و دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو ہرگز دبا نہیں سکتا، کشمیری اپنے شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر کشمیری حریت رہنماﺅں، کارکنوں اور نوجوانوں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباو ڈالے۔