0
Saturday 30 Nov 2024 23:16

پی ٹی آئی کے نہتے کارکنوں پر فائرنگ قابل مذمت ہے، غلام نبی مری

پی ٹی آئی کے نہتے کارکنوں پر فائرنگ قابل مذمت ہے، غلام نبی مری
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاجی جلسے پر فائرنگ اور نہتے سیاسی کارکنوں کی قتل و غارتگری قابل مذمت ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی عوامی تحریک کو بزور طاقت کچلنے کی کوشش کی گئی ہے اس کا نتیجہ ہمیشہ بھیانک نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عوامی ریلی پر طاقت کا استعمال حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ احتجاج کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کی بجائے ان کا خون بہانا ایک جاہلانہ فعل اور ناقص پالیسی ہے۔ حکومت اپنی ناکامی، مفاد پرستی، نا اہلی، ہٹ دھرمی اور کرپشن کو چھپانے کے لئے ایسے ہتھکنڈے اپناتی ہے۔ تاریخ میں جب بھی آمریت کے خلاف عوامی تحریکیں شروع ہوئی ہیں وہ ہمیشہ کامیاب اور فتح یاب ہو کر ختم ہوئی ہیں اور یہ تحریک بھی ایک بڑی تبدیلی اور انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں پیش ہونے والے قرار دادوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی کٹھ پتلی حکومت اور فارم 47 کے چور دروازے سے مقدس اسمبلی میں آئے ہوئے جعلی ممبران سے عوام کی نمائندگی کی توقع کرنا اور بلوچستان کی خیرخواہی اور ترقی کی امید لگانا عبث ہے۔ یہ بلوچستانی عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔ بلکہ زورآور اور زرآور طبقہ کے نمائندے ہیں، جو ہمیشہ حالات و واقعات کے مطابق اور ہوا کا رخ دیکھ کر اپنی وفاداریاں اور پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں اور اپنے آقاؤں کے مفادات کے پیش نظر قراردادیں لاتے ہیں اور فیصلے کرتے ہیں۔ عوام میں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ غلام نبی مری نے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت کو یرغمال بنانے اور عوامی رائے کے ساتھ مذاق کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے مقتدر قوتوں کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر پالیسیاں بنائیں۔ عوام کی سربلندی کو اولیت دیتے ہوئے عدل و انصاف کے راستے پر چلیں۔ جس کی منزل ترقی و خوشحالی ہے۔ جبر، لاقونینت اور ظلم کو ترک کر دیں۔ جس کا انجام ہمیشہ تباہی، بدنامی اور رسوائی ہوتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1175872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش