اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "اسماعیل بقائی" نے حلب میں اپنے قونصلیٹ پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے ڈپلومیٹک ریلیشن شپ کے حوالے سے 1963ء کے کنونشن کا ذکر کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص، گروہ یا حکومت کی جانب سے سفارتی عمارتوں اور عملے کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اپنے قونصل خانے کی خلاف ورزی پر اسلامی جمہوریہ ایران سنجیدہ قانونی و بین الاقوامی اقدامات اٹھائے گا۔ حلب میں ایرانی سفارتی مشن کی صورت حال کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی قونصل جنرل اور سارا عملہ بخیر و عافیت ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" اتوار کی صبح دمشق جائیں گے اور شامی اعلیٰ قیادت سے بات چیت کے بعد انقرہ جائیں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد دہشت گردوں کی وجہ سے شام کی تیزی سے تبدیل ہوتی صورت حال کا جائزہ لینا ہے۔