QR Code
ہماری پہلی ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے
خیبر پختونخو، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی
ہم جنگ لڑنے نہیں، پرامن احتجاج کے لیے گئے تھے
29 Nov 2024 23:54
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں بعض اراکین نے پارٹی قیادت پر تنقید کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بانی پی ٹی آئی کی جیل سے رہائی تک اندرونی اختلافات ختم کرنےکی تلقین کی اور کہا کہ ان کے خلاف پارٹی کے بعض لوگ منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسد قیصر، علی محمد خان، عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل خان شریک نہیں ہوئے، اس دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شہید کارکنوں کے لواحقین کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں بعض اراکین نے پارٹی قیادت پر تنقید کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی تک اندرونی اختلافات ختم کرنےکی تلقین کی اور کہا کہ ان کے خلاف پارٹی کے بعض لوگ منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی خطاب میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجود اراکین نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے بہادری سے احتجاج کو لیڈ کیا، تحریک ایک دن کی نہیں سالوں کی ہوتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمیشہ کی طرح فرنٹ سے لیڈ کیا، کچھ کوتاہیاں ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اجلاس میں کہا کہ میرے خلاف پارٹی کے بعض لوگ منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، میں ہر کسی سے نمٹ سکتا ہوں لیکن پارٹی کے لیے چپ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری پہلی ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، ہم جنگ لڑنے نہیں، پرامن احتجاج کے لیے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ: 1175659
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com