اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ میں مشیر قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کے ہمراہ جنیوا میں ہونے والی یورپی یونین کے ڈپٹی سیکرٹری خارجہ امور اینریکے مورا کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اینریکے مورا کے ساتھ، جوہری مذاکرات کے منظر نامے اور نئی صورتحال کی روشنی میں پابندیوں کے خاتمے کے بارے کھل کر گفتگو ہوئی ہے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ اینریکے مورا کو واضح الفاظ میں بتا دیا گیا ہے کہ یورپی یونین کو اس براعظم (ایشیا) سمیت تمام بین الاقوامی مسائل و چیلنجوں کے بارے خود غرضی و غیر ذمہ داری پر مبنی اپنا مذموم رویہ ترک کر دینا چاہیئے! انہوں نے کہا کہ یورپ، اپنے مسائل و غلطیوں؛ بشمول یوکرائنی جنگ میں اپنے ملوث ہونے کو، دوسروں کے ساتھ جوڑتے ہوئے بے بنیاد الزام تراشی سے گریز کرے!
ایرانی وزارت خارجہ میں مشیر قانونی و بین الاقوامی امور نے غزہ میں غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے ہاتھوں جاری وسیع نسل کشی میں یورپ کی على الاعلان شراکت داری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ غزہ میں جاری نسل کشی میں برابر کی شراکت داری اختیار کرنے والا یورپ اور خصوصا 3 اہم یورپی ممالک (برطانیہ، جرمنی و فرانس)؛ انسانی حقوق کے حوالے سے دوسرے فریق کو کسی بھی قسم کی نصیحت کرنے کی ذرہ برابر اہلیت نہیں رکھتے! کاظم غریب آبادی نے کہا کہ یورپ، ایرانی جوہری مسئلے کے حوالے سے بھی، ذمہ داری کے ضروری جذبے اور خود اعتمادی کی شدید کمی کی وجہ سے ایک طویل عرصے سے کسی بھی قسم کا موثر کردار ادا کرنے سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کو اس وقت (اخلاقی و انسانی اعتبار سے) مکمل طور پر تعمیر نو کی ضرورت ہے!!