جنوبی غزہ، بے گھر فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر اسرائیلی رژیم کے مزید حملے
29 Nov 2024 23:29
غاصب و سفاک صہیونی رژیم نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں متعدد رہائشی عمارتوں سمیت بے گھر فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر بھی مزید حملے کئے ہیں
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی میڈیا نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس کے علاقے میں قائم بے گھر فلسطینی پناہ گزینوں کی ''خیمہ بستی'' پر غاصب اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہریوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔ عینی شاہدین نے فلسطینی میڈیا کو بتایا کہ غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح کے مرکز اور مشرق میں واقع بعض رہائشی عمارتوں کو بھی اپنی وحشیانہ بمباری میں مکینوں سمیت تباہ کر ڈالا ہے جبکہ اس حملے میں شہید و زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق اپنی رہائشگاہوں پر غاصب صیہونی رژیم کے سفاکانہ حملوں کے بعد دسیوں ہزار بے گھر فلسطینی خاندانوں نے اسکولوں کے ساتھ ساتھ رشتہ داروں و دوستوں کے گھروں میں بھی پناہ لے رکھی ہے جس سے غزہ کی دنیا کی گنجان آباد ترین شہری آبادی مزید گنجان آباد ہو گئی ہے جبکہ ہزاروں دوسرے بے گھر فلسطینی خانداوں نے سڑکوں، پارکوں، تفریحی مقامات اور حتی جیلوں جیسی جگہوں پر بھی خیمے لگا رکھے ہیں درحالیکہ سکولوں و ہسپتالوں سے لے کر خیمہ بستیوں تک، غزہ میں کوئی مقام بھی انسانیت سوز صہیونی بمباری سے محفوظ نہیں!
خبر کا کوڈ: 1175647