اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کا امن تباہ ہو چکا ہے، سندھ کے اداروں میں کرپشن حد سے بڑھ چکی ہے، سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں کو پکے کے ڈاکو پال رہے ہیں، اگر سندھ میں امن و امان بحال نہ کیا گیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو اور مولانا عبدالصمد ہالیجوی کی یاد میں منعقدہ کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، جے یو آئی دریائے سندھ سے کسی بھی کینال کو نکالنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کالا باغ ڈٖیم کو بھی مسترد کیا تھا، کینالز کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور لڑتے رہیں گے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، کہی ایسا نہ ہو کہ انہیں چھپنے کی جگہ بھی نہ ملے۔ علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ختم نبوت کے قانون سے چھیڑ چھاڑ بند کی جائے، سندھ سیکولر نہیں محمدؐ عربی کے غلاموں کا ہے، کسی نے بھی محمدؐ عربی کی شان میں گستاخی کی تو اس کے خلاف ہمارا اعلان جنگ ہوگا، ناموس رسالت کیلئے اپنی جان اور اپنے بچوں تک کو قربان کر دیں گے۔