اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی ماضی میں انتہائی شاندار شہر تھا اور آج بھی پُرکشش شہروں میں اس کا شمار ہوتا ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر اور سرمایہ کاروں نے کبھی اس شہر کو اچھا نہیں کہا۔ فریئر ہال میں وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب بلدیہ فیکٹری میں آتشزدگی، اغوا، تشدد اور بھتہ خوری کے واقعات ہوتے تھے، جب بھی تاجر اور سرمایہ کار شہر کو اچھا نہیں کہتے تھے اور آج جب شہر میں امن و امان ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اب بھی وہ شہر کو بہتر نہیں سمجھتے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر اس بات پر بزنس مین مجھ سے ناراض ہوتے ہیں تو ہو جائیں، سیالکوٹ کے بزنس مینوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے سیالکوٹ میں ایئرپورٹ بھی بنایا اور ایئر لائن بھی بنا دی، ہمیں اپنے شہر کی بہتری کیلئے بولڈ فیصلے کرنے ہوں گے، فریئر ہال میں مفت وائی فائی سہولت کا آج سے آغاز کر دیا اور اس سہولت کو دوسرے پارکس اور تفریحی مقامات تک وسعت دیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فریئر ہال، باغ ابن قاسم، کڈنی ہل پارک، جھیل پارک، سفاری پارک میں بڑی تعداد میں شہری آتے ہیں، یہاں بھی مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کریں گے، تاکہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکیں، بڑے پارکوں میں ریسٹورنٹس، آئی ٹی سینٹر اور تفریح کی دیگر سہولیات بھی مہیا ہونی چاہئیں، تاکہ شہری پارکس میں آنے کے بعد بہتر طریقے سے وقت گزار سکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ جم خانہ میں امیر لوگوں کو ساری سہولتیں مل سکتی ہیں، تو غریب و متوسط طبقے کو یہ ساری سہولیات کیوں دستیاب نہیں ہو سکتی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایسا معاشرے تشکیل دینے کی ضرورت ہے، جہاں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہو اور عوام اپنے شہر سے محبت کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، میونسپل کمشنر افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔