اسلام تائمز۔ محکمہ موسمیات نے 4 دسمبر کے بعد شہر قائد میں سردی بڑھنے کی پیشگوئی کر دی، صبح و شام کے درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہو سکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق ہواؤں کا بارشیں دینے والا مغربی سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے، جو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سبب بننے کے بعد ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقل ہوگا، تاہم اس سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہواؤں کے کراچی پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری کمی ہوگی، جس کے نتیجے میں 4 دسمبر کے بعد کراچی میں سردی بڑھ سکتی ہے۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 16 اور زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جاری پیشگوئی کے مطابق مغربی سسٹم کے سبب ہفتے کو دیہی سندھ کے اضلاع قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور شکارپور میں ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔