لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان
29 Nov 2024 19:56
کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان، لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار 2 تا 3 دسمبر ایران کا دورے کریں گے جہاں وہ سی سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، غزہ میں نسل کشی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کے باعث کشمیریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستان واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ مطیع اللہ جان کو جن حالات میں گرفتار کیا گیا اس پر وزارت اطلاعات تبصرہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں۔ واضح رہے کہ آئی جی اسلام آباد نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران افغان شہریوں سمیت 954 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175614