اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی اور علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا ہے کہ علمدار روڈ اور ملحقہ علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے پولیس کو مزید کوششیں کرنی چاہئے۔ جرائم پیشہ عناصر پورے معاشرے کی بربادی کا سبب بنتے ہیں، جن سے نمٹنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔ یہ بات پارٹی رہنماؤں نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کے ہمراہ قائد آباد تھانے کے ڈی ایس پی اسحاق علی چنگیزی اور ایس ایچ او سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے اس موقع پر علاقے کے مسائل بلخصوص نابالغ بچوں کے موٹر سائیکل سواری، رہائشی علاقوں میں گیمنگ زون اور سنوکر کلب کی موجودگی اور منشیات کی خرید و فروخت پر پولیس کی توجہ مبزول کراتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پولیس اپنی صلاحتیں بروئے کار لاکر ان غیر اخلاقی اور قانونی جرائم کی روک تھام میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے۔ محکمہ پولیس سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔ پولیس مذکورہ مسائل پر توجہ دیں۔ اہل علاقہ ان مسائل سے تنگ آ گئے ہیں۔ اس موقع پر پولیس کے ذمہ داران نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں پارٹی قیادت اور علاقہ تھانہ مل کر حلقے کے سماجی مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔