اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوتھ وولینٹیرز لیڈر شپ سمٹ کا انعقاد کیا گیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سمٹ کا انعقاد یوتھ امپاورمنٹ کلب اور پرووسٹ آفس کے آئی یو نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ یوتھ سمٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبد الرزاق نے کہا کہ جامعہ قراقرم معیاری تعلیم و تحقیق کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ جامعہ کے طلباء اس وقت ملکی و بین الاقوامی اداروں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں مگر بدقسمتی سے چند افراد سوشل میڈیا کے ذریعے بے بنیاد خبریں اور پروپیگنڈوں میں مصروف ہیں جو کہ تعلیم کش پالیسی ہے۔ لہٰذا طلباء سمیت معاشرے کے تعلیم دوست افراد ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کردارا دا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں تو پیش کریں کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور زمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ قائم مقام وائس چانسلر نے رضاکارانہ امور میں طلباء کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا رضاکارانہ خدمات سے طلباء کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع مل جاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا میں جامعہ کے خلاف پروپیگنڈوں کو یکسر مسترد کریں اور اپنی تعلیم و تحقیق کو جاری رکھیں۔ ان سے قبل پرووسٹ کے آئی یو ڈاکٹر قمر عباس نے پرووسٹ آفس کے زیر انتظام کام کرنے والی تمام سوسائٹیز اور کلبز اور رضاکار طلباء کی بے لوث خدمت کو سراہا اور انہوں نے کہا ہمارے طلباء ہر سال قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے قومی سطح پر جامعہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کی دنیا میں ہمارے طلبہ و طالبات نے اپنا لوہا منوایا ہے اور stem Sister کے ماتحت پہلے بھی ہمارے طلباء نے جامعہ کی نمائندگی کی اور سال 2025ء میں بھی ہمارے طلباء بین الاقوامی سطح پر کے آئی یو کی نمائندگی کریں گے۔ ان سے قبل دیگر مقررین نے یوتھ وولینٹیرز لیڈرشپ سمٹ کے انعقاد کو سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرامات کے انعقاد پر زور دیا۔ تقریب کے آخر میں منتظمین اور رضاکار طلباء و طالبات میں شیلڈز اور سرٹیفیکیس بھی تقسیم کی گئیں۔