وقف ترمیمی بل پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ جاری، 58 ہزار سے زائد املاک پر قبضے کا انکشاف
29 Nov 2024 18:29
اپوزیشن لیڈروں خاص طور پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی جے پی سی کے کام کرنے کے انداز اور بل کی دفعات پر سوالات اٹھائے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وقف ترمیمی بل پر پارلیمنٹ میں گزشتہ تین دنوں سے ہنگامہ برپا ہے اور اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بل اگلے سال کے بجٹ اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس دوران مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ملک بھر میں وقف بورڈ کی 58 ہزار سے زائد جائیدادیں اس وقت غیر قانونی قبضے کی زد میں ہیں۔
پارلیمنٹ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا "انڈین وقف پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو اے ایم ایس آئی) پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 58929 وقف املاک اس وقت تجاوزات کا شکار ہیں"۔ ان میں سے 869 وقف جائیدادیں صرف کرناٹک میں ہیں۔ کرن رجیجو نے پارلیمنٹ میں کہا "ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کو وقف املاک پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق ہے"۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق وقف املاک کو فروخت نہیں کیا جا سکتا، یہ کسی کو تحفے میں نہیں دیا جا سکتا، وقف املاک کو بھی منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے خود جے پی سی کی میعاد بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔ نشی کانت دوبے کے مطابق کمیٹی کو پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنی چاہیئے۔ اب جے پی سی کے چیئرمین جگدمبیکا پال اس تجویز کو پارلیمنٹ کے اسپیکر اوم برلا کو بھیجیں گے۔ اپوزیشن لیڈروں خاص طور پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی جے پی سی کے کام کرنے کے انداز اور بل کی دفعات پر سوالات اٹھائے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1175561