اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر و بجبہاڑہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دلانے کی کوششیں جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی ہی نہیں بلکہ غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقہ سے چھینے گئے خصوصی اختیارات کو واپس لانے کی جدوجہد جاری رہے گی۔ بشیر احمد ویری نے کہا کہ لوگوں نے پارٹی کو اپنا اعتماد دیا ہے اور وہ اعتماد اسی بنیاد پر دیا ہے تاکہ ہم ریاست کے تشخص چھینے گئے خصوصی اختیارات کی بحالی ممکن بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ان معاملات پر سنجیدہ ہے اور اس لڑائی میں جو بھی قربانی دینا پڑے گی ہم اس کے لئے تیار ہیں۔
ان باتوں کا اظہار انہوں نے اننت ناگ کے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کے انعقاد کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے کے دوران کیا۔ میٹنگ کے دوران بشیر ویری نے افسران سے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس سرکاری اسکیموں اور بنیادی ضروریات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ افسران نے ڈاکٹر بشیر ویری کو مختلف کاموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ڈاکٹری بشیر ویری نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کو ہر ضروری سہولیات میسر رکھیں اور التوا میں پڑے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔
افسران نے ڈاکٹر بشیر ویری کو یقین دلایا کہ وہ ترقیاتی کاموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہیں، وہیں التوا میں پڑے تمام کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ سردیوں کے ایام کے دوران سڑک بجلی پانی و دیگر سہولیات کو بہم پہنچانے کے لئے سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے تاکہ عوام کو کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بشیر ویری نے کہا کہ طویل وقت کے بعد انہیں عوام کی خدمت کا موقعہ ملا ہے۔ بشیر ویری نے کہا کہ لوگوں نے بھروسہ کی بنیاد پر انہیں ووٹ دیا ہے، میں اس بھروسہ پر کھرا اترنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اسی سلسلہ میں متعلقہ محکموں کے افسران سے گزارش کی گئی وہ حلقہ کی ترقی اور لوگوں کو ہر ممکن سہولیات میسر رکھنے اور مشکلات کا ازالہ ممکن بنانے میں ان کی مدد کریں، کیونکہ لوگ گزشتہ دس برسوں سے پریشان ہیں اور لوگوں کو پریشانی سے چھٹکارا دلانا ہماری ذمہ داری ہے۔