اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گُلبر خان اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل امتیاز گیلانی کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ایف سی این اے ہیڈکوارٹر گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شمس لون، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، آئی جی پولیس، ہوم سیکریٹری، کمانڈر جی بی سکاؤٹس، ریاستی اداروں کے ذمہ داران اور حساس اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور علاقے کے امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ حکومت نے واضح کیا کہ کوئی بھی فرد قانون سے بالاتر نہیں اور ریاست اپنی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھے گی۔