سانحہ ڈی چوک، خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان
29 Nov 2024 09:21
اسپیکر بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ ہاؤس کسٹوڈین ہونے کے ناطے آئین کے آرٹیکل 16 کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں، آئین کا آرٹیکل 16 آزادی رائے کا حق دیتا ہے، آئین عوام کو احتجاج اور اظہار رائے کا حق دیتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی ورکرز پر تشدد کے خلاف خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں 3 روز ہ سوگ کا اعلان کردیا، خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت ہوا۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ ہاؤس کسٹوڈین ہونے کے ناطے آئین کے آرٹیکل 16 کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں، آئین کا آرٹیکل 16 آزادی رائے کا حق دیتا ہے، آئین عوام کو احتجاج اور اظہار رائے کا حق دیتا ہے، مقتدر قوتوں نے ہمیشہ اظہار رائے کا حق عوام سے چھینے رکھا، جب بھی ملک میں سیاسی قوت نے آواز اٹھائی بے دردی سے کچلا گیا۔ بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو تحریک انصاف نے احتجاج کا اعلان کیا، پورے پاکستان سے قافلے اسلام آباد گئے، کیا اس ملک میں آئین کی پاسداری کے لیے کھڑا ہونا جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین موجود ہے لیکن ادارے اس کو ماننے کے لیے تیار نہیں، بشریٰ بی بی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ ہمارے پرامن احتجاج پر بربریت اور ظلم کیا گیا، صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور کارکنوں پر سیدھے فائر کیے گئے، واقعے کے خلاف خیبر پختونخوا میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس جمعہ شام 7 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1175497