QR CodeQR Code

70 لاکھ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونا سندھ حکومت کی نااہلی ہے، جماعت اسلامی

28 Nov 2024 22:27

لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان کی صحیح تعلیم و تربیت کے ذریعے ہی ان کو ملک و قوم کیلئے کارآمد بنایا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان کی صحیح تعلیم و تربیت کے ذریعے ہی ان کو ملک و قوم کیلئے کارآمد بنایا جا سکتا ہے، جماعت اسلامی الخدمت بنو قابل پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے دس لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی و دیگر کورسز کرا کر اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے، تاکہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد بیرون ملک جانے کی بجائے اپنے ملک کی خدمت اور والدین کی امید بنیں، مگر بدقسمتی سے بار بار تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود سندھ میں اس وقت بھی 70 لاکھ سے زائد بچے اسکول سے باہر ہیں، جو کہ حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاران اسکول لاڑکانہ میں بچوں کی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ آج جان بوجھ کر نوجوان نسل کو بے مقصد زندگی، بے راہ روی اور مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت نوجوان نسل کی بہتر مستقبل کیلئے سندھ کے تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دے، تعلیمی اداروں میں اساتذہ سمیت مطلوب اسٹاف و دیگر ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں۔


خبر کا کوڈ: 1175440

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175440/70-لاکھ-سے-زائد-بچوں-کا-اسکول-باہر-ہونا-سندھ-حکومت-کی-نااہلی-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com