جاپان سندھ کی این جی اوز کو گرانٹ گراہم کریگا
28 Nov 2024 22:17
جاپانی حکومت نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو مقامی این جی اوز کو مجموعی طور پر 95 ہزار 311 ڈالر تک کی گرانٹ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جاپان کی جانب سے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو این جی اوز کو گرانٹ کی مد میں امداد فراہم کی جائے گی۔ کراچی میں قائم جاپانی قونصل خانے میں قونصل جنرل ہاتوری ماسارو اور دونوں این جی اوز کے نمائندوں کے درمیان دستخط کیے گئے اور اعلامیے میں کہا گیا کہ جاپانی حکومت نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو مقامی این جی اوز کو مجموعی طور پر 95 ہزار 311 ڈالر تک کی گرانٹ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گرانٹ کے معاہدے کے مطابق ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (ڈی ڈبلیو اے) اور سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن (ایس سی ایف) جاپانی حکومت سے ملنے والی گرانٹ کے منصوبوں پر عمل درآمد کریں گے۔ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (ڈی ڈبلیو اے) کو 31 ہزار 329 ڈالر کی گرانٹ دی جائے گی، تاکہ کراچی میں کم آمدنی والی معذور خواتین کیلئے نئی ٹرانسپورٹ گاڑیاں اور پیشہ ورانہ تربیت کا سامان حاصل کیا جا سکے۔ اس گرانٹ کے ذریعے ڈی ڈبلیو اے روزانہ تقریباً 40 معذور خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر سکے گی، جس کا مقصد انہیں سماجی اورمعاشی خود مختاری حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔
سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن (ایس سی ایف) کو 63 ہزار 982 ڈالر کی گرانٹ ملے گی، جس سے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت، پانی کے فلٹرنگ پلانٹس اور صفائی کا نظام تعمیر کر سکے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اس منصوبے سے سندھ کے دیہاتوں میں تقریباً 6000 افراد کو روزانہ صاف پانی اور 850 افراد کیلئے بیت الخلا کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ اسی طرح ایس سی ایف پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور عوام کی صحت میں بہتری کیلئے اپنا کردارادا کرے گی۔ دستخطی تقریب کے دوران جاپانی قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے توقع ظاہرکی کہ ڈی ڈبلیو اے اور ایس سی ایف اپنے لوگوں میں مثبت تبدیلی لانے، ان کو سہارا دینے اوران کی خوشیوں میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جاپان گرانٹ معاونت کے ذریعے پاکستان میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مقامی این جی اوز کی بنیادی سطح پر مدد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ: 1175438