QR CodeQR Code

بی بی فاطمہ (س) کی ذات گرامی صنف نسواں کیلئے رہبر اور رہنماء ہے، علامہ مقصود ڈومکی

28 Nov 2024 20:02

جھل مگسی میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ دختر رسول سیدہ فاطمتہ الزہرا کی شان میں سورہ کوثر سورہ دہر آیت تطہیر آیت مباہلہ اور دیگر آیات کریمہ نازل ہوئیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پاکیزہ کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ہمیں اپنے کاموں میں اخلاص عمل پیدا کرنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے ضلع جھل مگسی کے دورے کے موقع پر مسجد حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی ذات گرامی صنف نسواں کے لئے رہبر اور رہنماء ہے۔ آپ اولین و آخرین کی سردار ہیں۔ اسی لئے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ کے احترام میں کھڑے ہو جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شان میں سورہ کوثر سورہ دہر آیت تطہیر آیت مباہلہ اور دیگر آیات کریمہ نازل ہوئیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پاکیزہ کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ہمیں اپنے کاموں میں اخلاص عمل پیدا کرنا چاہئے۔ سورہ دہر میں قرآن کریم نے آل محمد کی عظمت کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کے عمل کے اخلاص کی نشاندہی کی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ایام فاطمیہ کے موقع پر ہمیں سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور کردار اپنانے کا عہد کرنا ہوگا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری سید گلزار علی شاہ، ضلع صدر حبیب اللہ، معرفت فاؤنڈیشن کے صدر مولانا ندیم احمد جوادی، جنرل سیکرٹری مولانا سعید علی سعیدی و دیگر موجود تھے۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے گارڈن ٹاؤن گنداواہ کا بھی دورہ کرتے ہوئے اسکول کے طلباء و طالبات کو قرآن مجید کی روشنی میں انبیاء کرام علیھم السلام کے قصے بیان کئے۔ انہوں نے حضرت نوح علیہ السلام اور حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کے قصے بچوں کو سنائے۔ انہوں نے اسکول کے طلباء و طالبات میں سردی کے موسم کے مطابق سوئیٹر اور گرم کپڑے بھی تقسیم کئے، اور اس محروم علاقے میں بچوں کے لئے اسکول اور تعلیمی خدمات پر اسکول کے بانی علامہ سہیل اکبر شیرازی کی خدمات کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 1175418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175418/بی-فاطمہ-س-کی-ذات-گرامی-صنف-نسواں-کیلئے-رہبر-اور-رہنماء-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com