بھارت میں مہنگائی اور بے روزگاری کے باوجود اعداد و شمار کی سیاست جاری ہے، کانگریس
28 Nov 2024 21:24
کانگریس لیڈر نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں مودی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کیوجہ سے مہنگائی بڑھتی رہی، جس نے عوام کی اقتصادی حالت پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس نے مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسائل پر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی کے سینیئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کا مقصد عوام کے مسائل کا حل نکالنا نہیں بلکہ صرف اعداد و شمار کے ذریعے حقیقت کو چھپانے کی کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "نان بایولوجیکل وزیراعظم" کی حکومت عوامی مشکلات کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف اعداد و شمار کی سیاست میں ملوث ہے۔ جے رام رمیش نے مزید کہا کہ ملک کی عام عوام مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں پیاز، ٹماٹر، لہسن اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی طرح خودرہ مہنگائی کی شرح پچھلے 14 ماہ میں سب سے زیادہ بلند ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق خوراک کے تیل کی قیمتوں میں 8 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، جو عوام کے بجٹ پر گہرا اثر ڈال رہا ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ حکومت صرف قیمتوں کو کم دکھانے کے لئے اعداد و شمار کے ساتھ چالاکی کر رہی ہے، جیسے کہ صارفین کے قیمتوں کے اشاریہ (سی پی آئی) میں کھانے پینے کی اشیاء کی وزن کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ مہنگائی کم دکھائی دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں مودی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھتی رہی، جس نے عوام کی اقتصادی حالت پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک مثال ہے، جب حکومت نے جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانے کے لئے بیس سال کو تبدیل کیا تاکہ عوامی طور پر معاشی حالات کو بہتر دکھایا جا سکے۔ اسی طرح بے روزگاری کے حوالے سے بھی حکومت نے اعداد و شمار میں چالاکی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت نے عوام کو دو کروڑ نوکریوں دینے کا وعدہ کیا تھا اور جب بے روزگاری میں اضافہ ہوا تو اس نے سروے رپورٹوں کو روکا یا پھر انہیں ترمیم کیا تاکہ حقیقی اعداد و شمار چھپ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح حکومت نے اپنے اعداد و شمار میں تبدیلی کر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہی نہیں، حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس بڑھا کر 36 لاکھ کروڑ روپے کا آمدنی حاصل کی، لیکن عوام کو اس سے کوئی ریلیف نہیں ملا۔ جے رام رمیش نے کہا کہ یہ سب کچھ حکومت کی اعداد و شمار کے کھیل کا حصہ ہے تاکہ عوامی سطح پر حالات بہتر دکھائی دیں، لیکن حقیقت میں حکومت کا مقصد صرف اپنے عوامی تعلقات اور انتخابی سیاست کو بہتر بنانا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175405