QR Code
پمز اور پولی کلینک میں کوئی لاش یا زخمی کو نہیں لایا گیا، وفاقی وزراء
28 Nov 2024 17:17
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے غیر ملکی صحافیوں کے سوال پر کہاکہ محکمہ صحت نے پولی کلینک اور پمز ہسپتال سے دو بیانات جاری کیے ہیں کہ انہیں کوئی لاش موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی لسٹ گردش کر رہی ہے۔
وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ اور احسن اقبال نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال اور پولی کلینک میں کوئی لاش یا گولی سے زخمی شخص نہیں لایا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کی افواہ ساز فیکٹری احتجاج کی ناکامی پر ہونے والی شرمندگی سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ سرکاری ٹی وی کے ہیڈکوارٹرز میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پُرتشدد احتجاج عمران خان کی مقدمات کے ٹرائل سے فرار کی کوشش ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہم سب پر مقدمات بنائے گئے تو امریکی کانگریس مین کے پاس رحم کی بھیک مانگنے نہیں گئے، ہم رحم کی بھیک مانگنے برطانوی ہاؤس آف لارڈ نہیں گئے، ہم اقوام متحدہ نہیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی عدالتوں میں مقدمات لڑے اور کیسز کی جلد تکمیل کو پسند کیا کیوں کہ ہم جانتے تھے کہ مقدمات مکمل ہوں گے تو حقیقت اور سچ سامنے آئے گا، ہم ٹرائل سے بھاگے نہیں۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے چیخ و پکار کا راستہ اپنایا ہے، ان کے مقدمات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، مگر وہ خود کو سیاسی قیدی کے طور پر پیش کر کے دباؤ کے ذریعے شاید این آر او حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہم پر این آر او لینے کا الزام لگاتے تھے لیکن اب شاید وہ سیاسی قید کا واویلا کرکے خود این آر او کے متلاشی ہیں تاکہ انہیں معاف کر دیا جائے۔
احسن اقبال نے بین الاقوامی ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان پر کوئی ظلم و ستم نہیں ہو رہا، وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں، انہیں سنگین الزامات کا سامنا ہے جن کی بنیاد پر مغربی دنیا میں کوئی سیاستدان، کوئی عوامی نمائندہ اور کوئی معروف شخصیت آزادی سے نہیں پھر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے شخص کی رہائی کے لیے احتجاج کیا گیا جس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، پُرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ہے، پی ٹی آئی نے2014ء میں بھی پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے غیر ملکی صحافیوں کے سوال پر کہاکہ محکمہ صحت نے پولی کلینک اور پمز ہسپتال سے دو بیانات جاری کیے ہیں کہ انہیں کوئی لاش موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی لسٹ گردش کررہی ہے جسے محکمہ صحت نے جعلی قرار دیا ہے، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اِدھر اُدھر لاشیں تلاش ضرور کررہی ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ماضی میں عام افراد کے جنازوں پر اپنے جھنڈے رکھ کر انہیں اپنا دکھانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175375
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com