مطیع اللہ جان کیخلاف ایف آئی آر میں آئس برآمدگی اور پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات
28 Nov 2024 17:08
درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صحافی مطیع اللہ سے 246 گرام آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ انھوں نے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد پولیس نے صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات برآمدگی، پولیس اہلکار سے اسلحہ چھینے، پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی کوشش میں اُن پر اسلحہ تاننے جیسے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں صحافی کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صحافی مطیع اللہ سے 246 گرام آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ انھوں نے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔یاد رہے کہ صحافی مطیع اللہ جان کے بیٹے نے بدھ کی صبح اسلام آباد پولیس کو درخواست دی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے ان کے والد کے اغوا کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175374