اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کی صورتحال اور دیرپا امن کے لئے مشاورت کی غرض سے ایک گرینڈ امن جرگے کا انعقاد کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں کیا گیا۔ جرگے میں اہلسنت اور اہل تشیع علماء اور عمائدین نے شرکت کی۔ امن جرگہ میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدلاکرم چترالی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ریٹائرڈ سید ابن علی، علامہ سید عبدالحسین الحسینی مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین اور دیگر شیعہ، سنی مشران اور عمائدین نے شرکت کی۔ گرینڈ امن جرگے سے خطاب میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس سے ضلع کرم میں دیرپا امن قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن اور عوام دشمن عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ایسے عناصر جو ضلع میں بد امنی پھیلانے میں پیش پیش ہوں ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ جرگہ سے مشاورت کا مقصد ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کیلئے عمائدین اور مشران کی آراء حاصل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جرگے میں پیش کی گئیں تجاویز اور سفارشات سے بھرپور رہنمائی اور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جو کچھ کرم میں ہوا وہ ہرگز نہیں ہونا چاہئے تھا اور ایسے انسانیت سوز فعل کی کوئی بھی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دیتا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے اعلان کیا کہ امن جرگہ کی بیٹھک باہمی مشاورت سے منعقد ہوں گی۔