QR CodeQR Code

جامعہ کراچی کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں 4 سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

27 Nov 2024 22:29

اکیڈمک کونسل سے منظوری کی صورت میں آئندہ تعلیمی سیشن 2025ء کیلئے اے آئی میں داخلے دیئے جانے کا امکان ہے، تاہم ابھی داخلے کے قواعد اور نشستوں کی تعداد کا تعین ہونا باقی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کے ضابطے میں چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اے آئی کے ضابطے میں بی ایس پروگرام شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت شروع کیا جا رہا ہے اور پروگرام جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل سے منظوری کیلئے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اکیڈمک کونسل 3 دسمبر کو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت منعقد ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ اے آئی پر چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام حال ہی میں بورڈ آف فیکلٹی (فیکلٹی آف سائنس) سے منظور کرایا گیا ہے، جبکہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کی بورڈ آف اسٹڈیز پہلے ہی اس پروگرام کی منظوری دے چکی ہے اور اکیڈمک کونسل سے منظوری کی صورت میں آئندہ تعلیمی سیشن 2025ء کیلئے اے آئی میں داخلے دیئے جانے کا امکان ہے، تاہم ابھی داخلے کے قواعد اور نشستوں کی تعداد کا تعین ہونا باقی ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹرخالد عراقی نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو جدید عصری علوم کی معیاری تعلیم دیں اور بورڈ آف فیکلٹی کی جانب سے تفصیلی غور و خوص اور باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس پروگرام کو اکیڈمک کونسل میں منظوری کیلئے بھجوایا ہے۔ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر صادق علی خان کے مطابق اے آئی کا نصاب "این سی ای اے سی" (نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل) کی دی گئی گائیڈ لائن کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے اور وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی گائیڈنس پر شعبے کی عمارت میں دو نئے انٹرایکٹیوو اسمارٹ کلاس رومز تیاری کے آخری مراحل میں ہیں، جس میں تدریس کے ساتھ ٹیکنیکل ورکشاپ بھی ہو سکیں گی۔ واضح رہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت سوفٹ ویئر انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام پہلے ہی جاری ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1175232

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175232/جامعہ-کراچی-کا-آرٹیفیشل-انٹیلیجنس-میں-4-سالہ-بی-ایس-پروگرام-شروع-کرنیکا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com