سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی، تعلیم کی تباہی کا سفر جاری ہے، منعم ظفر
27 Nov 2024 19:39
اسکولوں کے طلبہ کو مفت یونیفارم فراہمی کی تقریب سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم کسی بھی ٹاؤن میں اپنے تعلیمی ادارے اور پارکس کسی بھی این جی او کے حوالے نہیں کریں گے، اساتذہ کا ہاتھ تھامیں گے اور ان زیر تعلیم بچوں کی سرپرستی کریں گے۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ قومیں تعلیم سے ترقی کا سفر طے کرتی ہیں لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کے باعث تعلیم کی تباہی کا سفر جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر بستی میں گلشن اقبال ٹاؤن کے تحت اسکولوں کے طلبہ میں مفت یونیفارم اور شوز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سندھ میں 73 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ہم نے ایک سال میں ٹاؤن کے تحت آنے والے 33 اسکولوں کو بحال کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر بھر میں بچوں اور نوجوانوں کے لئے ایک 120 پارکس بحال کئے جو پچھلے بلدیاتی دور میں کھنڈر بن گئے تھے، ہم جماعت اسلامی کے کسی بھی ٹاؤن میں اپنے تعلیمی ادارے اور پارکس کسی بھی این جی او کے حوالے نہیں کریں گے، اساتذہ کا ہاتھ تھامیں گے اور ان زیر تعلیم بچوں کی سرپرستی کریں گے، تعلیم کی فراہمی حکومت و ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر یہاں لوگوں سے تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات بھی چھین لی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1175202