QR CodeQR Code

اڈانی معاملہ پر پارلیمنٹ میں بحث تو دور انکا نام تک نہیں لیا جاتا ہے، کانگریس

27 Nov 2024 19:46

کانگریس نے سوال اٹھایا ہے کہ اڈانی پر لگے اتنے سنگین الزامات کے درمیان مودی حکومت اور جانچ ایجنسیوں کو آخر سانپ کیوں سونگھ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کمیٹی کی خاتون لیڈر سپریا شرینیت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی دیگر کے اوپر الزام لگا ہوتا تو ای ڈی، سی بی آئی، سیبی جیسے ادارے ان سنسنی خیز انکشافات کی جانچ کرتے لیکن اڈانی کی وجہ سے سب کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔ گوتم اڈانی کے خلاف امریکہ میں جو الزامات عائد کئے گئے ہیں، اس پر ہندوستان میں سیاسی ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ پارلیمنٹ میں آج بھی اس معاملے پر زبردست شور سنائی دیا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران لگاتار پارلیمنٹ میں اڈانی معاملے کی جانچ کا مطالبہ کرتے نظر آئے اور کانگریس تو اڈانی کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے۔ کانگریس نے سوال اٹھایا ہے کہ اڈانی پر لگے اتنے سنگین الزامات کے درمیان مودی حکومت اور جانچ ایجنسیوں کو آخر سانپ کیوں سونگھ گیا ہے۔

اس تعلق سے کانگریس کی ترجمان سپریا شرینیت نے آج پریس کانفرنس میں کئی اہم باتیں سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی پر جو الزامات عائد کئے گئے ہیں، وہ کسی دیگر پر لگے ہوتے تو ای ڈی، سی بی آئی، سیبی جیسے ادارے اور ایجنسیاں ان سنسنی خیز انکشافات کی جانچ کرتیں، لیکن اڈانی کی وجہ سے سبھی کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث تو دور، ان کا نام تک نہیں لے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے پھنسے اڈانی صرف ہندوستان میں ہی محفوظ ہیں، کیونکہ یہاں پر نریندر مودی کی وجہ سے کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ جانچ ایجنسیاں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں، ورنہ ان الزامات کی بنیاد پر تو ابھی تک ان کی گرفتاری ہو جانی چاہیئے تھی۔


خبر کا کوڈ: 1175193

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175193/اڈانی-معاملہ-پر-پارلیمنٹ-میں-بحث-دور-انکا-نام-تک-نہیں-لیا-جاتا-ہے-کانگریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com