الیگزینڈر لوکاشینکو اپنا 3 روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ
27 Nov 2024 18:30
مری میں سابق وزیراعظم کا بیلا روس کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے منصوبوں پر کام کیا جاسکتا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔ دونوں قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسلام ٹائمز۔ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اپنا 3 روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انہیں چکلالہ ایئر بیس سے الوداع کیا۔ دورے کے آخری روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے مری میں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبوں پر کام کیا جاسکتا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔ دونوں قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ خیال رہے میاں محمد نواز شریف کے اہل خانہ بھی ظہرانے میں شریک ہوئے، ظہرانہ ذاتی حیثیت میں دیا گیا تھا۔ بیلا روس کے صدر نے محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ماضی کی خوشگوار یادوں کا تبادلہ کیا۔ الیگزینڈر لوکاشنکو نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2015ء میں چھانگلہ گلی، مری آیا تھا، آپ اگست 2015ء میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔
بیلا روس کے صدر نے کہا کہ آپ سے ہمیشہ بھائی والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بڑے جذبے اور رفتار سے پاکستان کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے زراعت، زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بیلاروس کے تعاون کی پیشکش کی۔ نواز شریف نے اپنے دورہ بیلا روس کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں بیلاروس سے تعاون میں اضافہ ہوا، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے۔ بیلا روس کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت اور پنجاب حکومت دونوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔ بیلا روس کے صدر نے محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بیلاروس کے دورے کی دعوت دی۔ واضح رہے محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ مری سے بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا، صدر الیگزینڈر کلاشینکو 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئے۔
خبر کا کوڈ: 1175191