QR CodeQR Code

جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی ادھوری بحالی کشمیری عوام کے لیے ناقابل قبول ہے، کانگریس

27 Nov 2024 12:48

کانگریس کے صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ریاستی حیثیت کی فوری اور مکمل بحالی کا مطالبہ کیا اور ایسے کسی بھی اقدام کو مسترد کیا جس میں نئی دہلی کو کلیدی اختیارات اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہو۔


اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ علاقے کی ریاستی حیثیت کی ادھوری بحالی کشمیری عوام کے لیے ناقابل قبول ہے۔ ذرائع کے مطابق طارق حمید قرہ نے راجوری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ریاستی حیثیت کی فوری اور مکمل بحالی کا مطالبہ کیا اور ایسے کسی بھی اقدام کو مسترد کیا جس میں نئی دہلی کو کلیدی اختیارات اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی ترمیم شدہ یا جزوی حصہ نہیں بلکہ ریاست کی مکمل بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حیثیت کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے آمادہ نہ ہونے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حکمرانی کے لیے اہم محکموں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اہم محکموں کو ترامیم کے ذریعے اپنے براہ راست کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے جسے ہم قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ایک کمزور ریاست کانگریس کے لیے بے معنی اور ناقابل قبول ہے۔ طارق حمید قرہ نے علاقے کی خودمختاری کو مزید ختم کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف خبردار کرتے ہوئے ریاستی حیثیت کی مکمل بحالی کے لیے کانگریس کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے موقف کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 6 اگست 2019ء کو اس معاملے پر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی اور ہم اس موقف پر قائم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1175131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175131/جموں-کشمیر-کی-ریاستی-حیثیت-ادھوری-بحالی-کشمیری-عوام-کے-لیے-ناقابل-قبول-ہے-کانگریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com