ملک کے تمام تر مسائل کا حل صرف بھٹو خاندان کے پاس ہے، شگفتہ نورین
27 Nov 2024 12:12
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر پی پی خواتین ونگ آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے اقتدار کے لئے ملک کا نقصان نہ کریں، کسی بھی مسئلے کا حل تشدد توڑ پھوڑ نہیں ہوتا۔
اسلام ٹائمز۔ نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ آزاد جموں و کشمیر شگفتہ نورین کاظمی نے کہا ہے کہ احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں، تحریک انصاف فوری طور پر مذاکرات کرے،تحریک انصاف ایوان میں جا کر مسائل پر بحث کرے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اپنی والدہ محترمہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ہم نے مایوسیوں کو ختم کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو انشاءاللہ وزیراعظم پاکستان بنوانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام تر مسائل کا حل صرف اور صرف بھٹو خاندان کے پاس ہے موجودہ صورتحال میں اگر وفاقی حکومت چل رہی ہے تو وہ صرف اور صرف مرد حر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف زرداری کی مرہنون منت ہے۔ تحریک انصاف اپنے اقتدار کے لئے ملک کا نقصان نہ کریں، یہ واحد ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر بنا، کسی بھی مسئلے کا حل تشدد توڑ پھوڑ نہیں ہوتا۔ تحریک انصاف سڑکوں پر احتجاج کی بجائے ایوان میں جائے اور ایوان میں بیٹھ کر مسائل پر بحث کرے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی افراتفری کے معاشی سرگرمیوں پر گہرے منفی اثرات پڑ رہے ہین، تحریک انصاف مذاکرات کی میز پر بیٹھے، تحریک انصاف کے ہر احتجاج سے ملک کو نقصان ہی پہنچا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175128